فتنہ الخواراج کی طرف سے مساجد کا دہشتگردی کیلئے استعمال، سکیورٹی فورسز نے 2ٹھکانے کلیئر کرا دیئے

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک آپریشن کے دوران مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے دو مبینہ ٹھکانوں کو کلیئر کرتے ہوئے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، تیار شدہ آئی ای ڈیز، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن آٹھ نومبر کو میرعلی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں مزک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے طالبان پر116حملے، 153اہلکار ہلاک کردیئے

آئی ایس پی آر کے مطابق مبینہ دہشت گرد مساجد کو دھماکہ خیز مواد کے ذخیرے کے لیے استعمال کر رہے تھے اور انہوں نے وہاں تشدد کے مراکز بھی قائم کر رکھے تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ خوارج کی یہ سرگرمیاں اسلامی تعلیمات اور اقدار کے بالکل منافی ہیں اور مذہب کی اس طرح کی گمراہ کن تشریح یا اس کا غلط استعمال کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ فتنہ الخوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان عناصر کو افغان طالبان کی معاونت بھی حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قلعہ سیف اللہ: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کا کمانڈر ہلاک

حکام نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی دیگر ممکنہ پناہ گاہوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔