آزاد کشمیر میں ادویات کے کاروبار پر شکنجہ کسنے کی تیاری، فارمیسیز کی سخت نگرانی کا فیصلہ

مظفرآباد ( خبرنگار )سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر ڈاکٹر تاشفین بن نذیر کی زیرِ صدارت ڈرگ سیل لائسنسز کے اجراء و تجدید کے حوالے سے اہم اجلاس۔ ادویات کے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اقدامات پر غور۔

محکمہ صحت، حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ہیلتھ سیکرٹریٹ میںسیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر ڈاکٹر تاشفین بن نذیر کی زیرِ صدارت ڈرگ سیل لائسنسز کے اجراء و تجدید کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف ڈرگ کنٹرولر محترمہ فوزیہ اشرف سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

:یہ بھی پڑھیں محکمہ صحت حکام کے چھاپے، میڈیکل اسٹور،کلینک سیل،وارننگ جاری

اجلاس کے دوران تقریباً 500 ڈرگ سیل لائسنسز کی تجدید اور نئے لائسنسز کا اجراء عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ڈرگ سیکشن کی کارکردگی، لائسنسنگ کے طریقہ کار، درپیش انتظامی و عملی مشکلات اور آزاد کشمیر میں ڈرگ ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سیکریٹری صحت عامہ بریگیڈیئر ڈاکٹر تاشفین بن نذیر نے ڈرگ سیکشن کی کارکردگی بہتر بنانے، لائسنسنگ کے عمل میں شفافیت، فارمیسیز کی مؤثر نگرانی اور غیر معیاری و غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

بریگیڈیئر ڈاکٹر تاشفین بن نذیر نے ڈرگ سیکشن کو درپیش مسائل کے حل، ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے اور ڈرگ ریگولیٹری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

چیف ڈرگ کنٹرولر محترمہ فوزیہ اشرف نے ڈرگ سیکشن کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے ادویات کے معیار کی نگرانی اور ڈرگ قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

محکمہ صحت اس عزم کے ساتھ کوشاں ہے کہ آزاد کشمیر میں عوام کو محفوظ، معیاری اور مستند ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ڈرگ ریگولیٹری نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔