بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ صحت حکام کے شہر بھر میں چھاپے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر میڈیکل اسٹورز ، پرائیویٹ کلنک سیل ، متعدد مالکان کو وارننگ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھمبر کی خصوصی ہدایات پر مستند ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر بھمبر محمد سہیل نے مختلف علاقوں میں قائم میڈیکل اسٹورز اور پرائیویٹ کلینکس کا اچانک معائنہ کیا۔
معائنہ کا بنیادی مقصد ڈرگ ایکٹ 1976ء اور ڈرگ سیلز رولز پر عمل درآمد یقینی بنانا، ادویات کی غیر قانونی خرید و فروخت کی روک تھام کیلئے چھاپے مارے گئے۔
غیر رجسٹرڈ، جعلی، سمگل شدہ اور زائدالمیعاد ادویات کی فروخت کے خلاف کارروائی اور میڈیکل اسٹورز پر غیر قانونی طبی پریکٹس کی حوصلہ شکنی کرنا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کا بھارتی بیانیے سے معافی تک کا سفر،عوامی لا تعلقی کے بعد فیس سیونگ کیلئے منت ترلے
معائنے کے دوران ڈرگ سیل لائسنس کی موجودگی، کوالیفائیڈ پرسن کی دستیابی، ادویات کی خرید و فروخت کا ریکارڈ۔ بلز و انوائسز، ادویات کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی چیکنگ کی گئی۔
ادویات کی مناسب درجہ حرارت پر محفوظ اسٹوریج، صفائی ستھرائی اور میڈیکل اسٹورز کے اندر غیر مجاز کلینکس کے قیام سمیت دیگر قانونی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران سنگین نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایک میڈیکل اسٹور کو ادویات کے مستند خریداری ریکارڈ اور بلز و انوائسز کی عدم دستیابی اور ڈرگ سیل لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا
جبکہ ایک پرائیویٹ کلینک کو میڈیکل اسٹور کے اندر غیر قانونی طبی پریکٹس اور ادویات سے متعلق خلاف ورزیوں پر سیل کیا گیا۔
اس کے علاوہ تین میڈیکل اسٹورز کو مختلف خامیوں اور قانونی تقاضوں کی عدم تکمیل پر وارننگ جاری کرتے ہوئے سات روز کے اندر خامیاں دور کرنے اور متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی فوج میں حساس عہدوں پر بھرتیاں مشکوک، مودی کی نالائقی پر سوالات اُٹھ گئے
مزید برآں چار ادویات کے نمونے حاصل کرکے تجزیے اور ضروری کارروائی کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے واضح کیا کہ ادویات کی خرید و فروخت مقررہ قانونی ضوابط کے مطابق کی جائے اور تمام ادویات کے مستند خریداری ریکارڈ، بلز اور انوائسز کو محفوظ رکھا جائے۔
میڈیکل اسٹورز پر کوالیفائیڈ پرسن کی دستیابی، ڈرگ سیل لائسنس کی نمایاں جگہ پر نمائش، ادویات کیلئے مناسب درجہ حرارت اور اسٹوریج کے انتظامات، زائدالمیعاد ادویات کو الگ رکھنے اور کنٹرولڈ ادویات کا مکمل ریکارڈ برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد غضنفر نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور مستند ادویات کی فراہمی حکومت اور محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
غیر قانونی طبی پریکٹس، غیر مجاز کلینکس کے قیام اور اتائی معالجین کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تمام متعلقہ ادارے اور میڈیکل اسٹورز انتظامیہ قانونی تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔




