جہلم ویلی (کشمیر ڈیجٹیل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے 100 روزہ حکومتی پلان اور جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی عفت اعظم اور سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی عطاء الرحمان کا چکار کا تفصیلی دورہ۔
دورے کے دوران چکار بازار، زیرِ تعمیر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور پولیس اسٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامی، عوامی سہولیات اور امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نے چکار بازار کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال جائزہ لیا۔
متعلقہ دکانداروں اور میونسپل کمیٹی کے عملے کو بازار میں صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے، کوڑا کرکٹ کو بروقت ٹھکانے لگانے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرناانتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نے زیرِ تعمیر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چکار کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر چکار ڈاکٹر راشد خان کو تعمیراتی کام کی مسلسل نگرانی کرنے اور پیش رفت سے متعلق باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ہسپتال کے طبی امور کا جائزہ لیتے ہوئے طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
متعلقہ طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت، معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔دورے کے دوران پولیس اسٹیشن چکار کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں امن و امان کی صورتحال اور پولیس انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محترمہ عفت اعظم اور ایس پی عطاء الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ حکومتی پلان کے تحت عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری، اداروں کی کارکردگی میں اضافے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




