بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائےعوام کا کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

مظفرآباد( ) آزادکشمیر میں عوامی سطح پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔

ریاست کے مختلف حلقوں سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں کہ احتجاج اور تنازعات کے بجائے اب آزادکشمیر میں امن، استحکام، تعلیمی ترقی اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کو ترجیح دی جائے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے سامنے آنے والے مطالبات میں کہا جا رہا ہے کہ ریاست میں مسلسل کشیدگی، احتجاجی ماحول اور انتشار کی کیفیت سے عام شہری، طلبہ اور کاروباری طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کالعدم ایکشن کمیٹی کاریاست مخالف بیانیہ ناکام ، دھرنا خاتمے کیلئے بہانے تلاش کرنے لگی

اب وقت آگیا ہے کہ ریاستی معاملات کو معمول پر لانے، تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو تعمیری مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کو کھیلوں، تقریری مقابلوں، ادبی سرگرمیوں، سائنسی نمائشوں، ثقافتی پروگراموں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے مواقع ملنے چاہئیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔

مختلف حلقوں  کا مؤقف ہے کہ اگر کسی تنظیم یا گروہ کی سرگرمیاں قانون کی خلاف ورزی یا عوامی امن و امان میں خلل کا باعث بن رہی ہیں تو متعلقہ اداروں کو شواہد اور قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :عوامی حقوق کے نام پر بچوں کا مستقبل قربان کردینا کہاں کی دانشمندی ہے ؟ صدر آزاد کشمیر نے کالعدم ایکشن کمیٹی کو آئینہ دکھا دیا

عوامی حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ آزادکشمیر کو مزید کشیدگی اور محاذ آرائی کی طرف لے جانے کے بجائے تعلیم، ترقی، روزگار، کھیل اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کے بقول اب وقت آگیا ہے کہ غیر یقینی اور انتشار کی فضا ختم کرکے ریاست میں معمولاتِ زندگی، تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی عمل کو مکمل طور پر بحال کیا جائے۔

عوامی سطح پر اٹھنے والی ان آوازوں کا بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ آزادکشمیر میں امن و امان، قانون کی بالادستی، تعلیمی ترقی اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کو اولین ترجیح دی جائے۔