نیلم ( کشمیر ڈیجٹیل )ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم چوہدری اقبال حسن کی تبدیلی کے موقع پر ضلعی ہیڈکوارٹر آٹھمقام میں ان کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکمہ جات کے سربراہان، سرکاری ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد بشارت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صحت عامہ سید مبشر گیلانی، آفیسر ڈی ڈی ایم اے محمد اختر ایوب، ڈسٹرکٹ کونسلر گریس ویلی عبدالقوی اور سوشل ایکٹیویسٹ مشتاق بٹ سمیت دیگر مقررین نے چوہدری اقبال حسن کی دورانِ تعیناتی ضلع نیلم کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
:یہ بھی پڑھیںگرین بس منصوبے کی تکمیل کیلئے تاخیری حربہ قبول نہیں،ڈپٹی کمشنر ممتاز کاظمی
مقررین نے کہا کہ چوہدری اقبال حسن نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران انتظامی امور کی بہتری، عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرکاری محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا۔ ضلع نیلم کے دشوار گزار جغرافیائی حالات اور محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔
پیشہ ورانہ صلاحیتیں، خوش اخلاقی اور عوام دوست طرزِ عمل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع نیلم میں ان کا دورِ تعیناتی ایک خوشگوار تجربہ رہا۔ افسران، محکمہ جات کے سربراہان اور ملازمین کے بھرپور تعاون اور معاونت سے سرکاری امور کی انجام دہی ممکن ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی افسر کی کامیاب کارکردگی کا سہرا اس کی پوری ٹیم اور معاونت کرنے والے اچھے افسران کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے لوگ انتہائی اچھے، محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ یہاں کام کرنے سے دلی سکون ملتا ہے اور ضلع نیلم میں گزارا گیا وقت ہمیشہ یاد رہے گا۔
تمام افسران، ملازمین اور عوام علاقہ کی محبت اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کروں گا۔تقریب کے اختتام پر چوہدری اقبال حسن کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔




