واشنگٹن (کشمیر ڈیجیٹل) امریکی ایوان نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد مسترد کردی۔
ایوان میں قرارداد کے حق میں 204 جبکہ مخالفت میں 211 ووٹ ڈالے گئے جس کے نتیجے میں مواخذے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ، امریکاکی71 فیصد عوام نے مخالفت کردی، ٹرمپ کیلئے نیا چیلنج
امریکی وزیر جنگ کے خلاف مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی۔
قرارداد میں پیٹ ہیگسیتھ پر ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی حملے کے نتیجے میں بچوں اور دیگر بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے امریکی آئین کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات لگائے گئے تھے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی کوشش کی صورت میں پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت کا اعلان کیا تھا جبکہ وزیر جنگ نے بھی مواخذے کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ان کے عہدے کو کوئی خطرہ نہیں اور یہ محض ایک سیاسی تماشا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ مواخذے کی یہ کوشش امریکی فوج اور اس کے اہلکاروں کے خلاف سازش کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کے ساتھ جنگ عملی طور پر ختم ہوچکی : صدر ٹرمپ
ان کے مطابق امریکی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور متعلقہ فوجی کارروائی قانونی حیثیت رکھتی ہے۔ایوان نمائندگان میں قرارداد مسترد ہونے کے بعد پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔




