لاہور آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کا ٹیوٹا پنجاب کے سیکرٹریٹ کا دورہ ۔
وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اسکل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹوز کے تحت جاری مختلف فنی تربیتی منصوبوں اور جدید ہنر مندی کے پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد کی قیادت چیئرمین ٹیوٹا ایکس آفیشو سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر مرزا عامر محمود نے کی، جبکہ وفد میں ڈائریکٹر آپریشنز انعم آصف عباسی، انچارج ٹی ٹی بی بینش رحمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ساجد عباسی اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔
:یہ بھی پڑھیں بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری،ٹیوٹا کا سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام شروع
ٹیوٹا پنجاب سیکرٹریٹ آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین ٹیوٹا پنجاب بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر، چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) محمد ماجد اقبال سمیت تمام ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران ٹیوٹا پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر سکھانے کے لیے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
چیئرمین ٹیوٹا ایکس آفیشو سیکرٹری آزاد کشمیر مرزا عامر محمود نے پنجاب میں جاری اسکل ڈویلپمنٹ منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کامیاب منصوبوں اور تربیتی پروگراموں کو آزاد جموں و کشمیر میں بھی متعارف کروانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید ہنر سیکھنے اور باعزت روزگار حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
ٹیوٹا پنجاب کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ہاسپیٹیلٹی سمیت مختلف شعبوں میں جدید اور پیشہ ورانہ تربیتی کورسز شروع کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جس سے نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ
دورے کے دوران آزاد جموں و کشمیر ٹیوٹا کے وفد نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ گلبرگ میں میراکی ڈیپارٹمنٹ اور گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ گجر پورہ میں کیئرنگ ہینڈز کے تحت جاری تربیتی کلاسز کا بھی معائنہ کیا۔
وفد نے تربیتی نظام، عملی تعلیم، جدید سہولیات اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ لیا اور ٹیوٹا پنجاب کی کارکردگی کو سراہا۔مرزا عامر محمود نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید فنی تعلیم اور ہنر مندی کے ان منصوبوں کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کوشش ہے کہ آزاد جموں و کشمیر ٹیوٹا کو مزید فعال مضبوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ہنر، خود روزگاری اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ٹیوٹا پنجاب کے ساتھ تجربات اور مہارتوں کے تبادلے سے آزاد کشمیر میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے کو نئی جہت ملے گی اور نوجوان نسل کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔




