امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیساتھ جنگ عملی طور پر ختم ہوچکی ہے اور فی الحال مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، تاہم امریکا ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملے شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔
وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کی توقع ہے، تاہم امریکا نے فوجی کارروائی کا آپشن برقرار رکھا ہوا ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت حملے دوبارہ شروع کیے جاسکتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق آئندہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، امریکا خطے میں موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تیار ہے اور تہران کے ساتھ ایک نئے معاہدے کا منتظر ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بدری کی سخت پالیسیوں نے سیاسی نقصان پہنچایا ، ٹرمپ کا اعتراف
ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر بھی ایران تنازع کا پُرامن حل چاہتے ہیں اور امریکا کی بھی یہی ترجیح ہے۔
ان کے مطابق ایرانی قیادت جانتی ہے کہ اسے امریکی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی اور ایران کیلئےجوہری ہتھیار حاصل کرنے کا کوئی آپشن موجود نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکام بظاہر اس شرط کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں، تاہم حقیقت میں وہ اسے مکمل طور پر قبول کرچکے ہیں۔
ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس اقدام سے مطمئن ہیں اور موجودہ حکمت عملی جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ترکیہ کے صدر اردوان کا ٹرمپ سے رابطہ، ایران امریکا کشیدگی پر اہم گفتگو
دوسری جانب امریکی صدر نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر بھی بات کی اور کہا کہ ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت کا امکان ہے۔




