اسلام گڑھ میں گرلز گائیڈ تحریک کا نیا سنگِ میل، پہلی بار جونیئر طالبات بھی تربیتی سرگرمیوں کا حصہ بن گئیں

اسلام گڑھ   آمنہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھلہ میں گرلز گائیڈ تحریک کے فروغ اور طالبات کی کردار سازی کے حوالے سے گرلز گائیڈ انرولمنٹ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میرپور فرخ اویس تھیں، جبکہ ان کے ہمراہ گرلز گائیڈ ٹرینر صباء نعیم بھی موجود تھیں۔

ادارہ پہنچنے پر صدر معلمہ ناہید اختر، سکول سٹاف، گرلز گائیڈز اور دیگر طالبات نے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا۔ تقریب کے دوران گرلز گائیڈ تحریک میں شمولیت اختیار کرنے والی طالبات اور سٹاف ممبران کو باقاعدہ بیجز لگائے گئے۔

اس موقع پر ایک اہم پیش رفت کے طور پر آمنہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھلہ میں پہلی مرتبہ جونیئر گائیڈز کو بھی انرول کیا گیا، جس سے کم عمر طالبات کو بھی اس مثبت اور تربیتی تحریک کا حصہ بننے کا موقع ملا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فرخ اویس نے طالبات کی جانب سے تیار کیے گئے ہینڈی کرافٹس میں بھی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے طالبات کے ہاتھوں سے تیار کردہ مختلف اشیاء کا مشاہدہ کیا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور ہنرمندی کو سراہتے ہوئے طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔

ـ:یہ بھی پڑھیں آزاد کشمیر میں ادویات کے کاروبار پر شکنجہ کسنے کی تیاری، فارمیسیز کی سخت نگرانی کا فیصلہ

 ایسی سرگرمیاں طالبات میں تخلیقی سوچ، خود اعتمادی اور عملی زندگی کے لیے مفید ہنر پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میرپور فرخ اویس نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار مردوں کے برابر اہمیت رکھتا ہے۔

خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، اس لیے طالبات کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی عملی تربیت اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر وقت ہر طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

گرلز گائیڈ تحریک طالبات کی ذہنی و جسمانی نشوونما، خود اعتمادی، نظم و ضبط، باہمی تعاون اور کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس تحریک کے ذریعے بچیوں میں خدمتِ خلق، ذمہ داری کا احساس اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

 فرخ اویس نے اساتذہ کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اپنے طلبہ و طالبات کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں

۔اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنی عملی زندگی، کردار اور رویوں کے ذریعے طالبات کی مثبت تربیت کریں اور انہیں معاشرے کا بااعتماد، ذمہ دار اور مفید شہری بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فرخ اویس نے یومِ اقبال کی مناسبت سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے افکار، سوچ، فکر اور نظریے کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی ضرورت ہے۔

علامہ اقبال نے نوجوان نسل بالخصوص طالبات کو خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور خود شناسی کا درس دیا۔

:یہ بھی پڑھیں نیلم ویلی: پینی اپیل آسٹریلیا کے تعاون سے تعمیر تعلیمی عمارت کا افتتاح

ہمیں چاہیے کہ ہم اقبال کے پیغام کو سمجھیں اور اس پر عمل کرتے ہوئے اپنی نئی نسل کی ایسی تربیت کریں کہ وہ علم و شعور سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔

اس موقع پر صدر معلمہ ناہید اختر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میرپور فرخ اویس کا ادارے آمد اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ گرلز گائیڈ تحریک کو طالبات کی تربیت اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔

تقریب کے دوران مقررین نے ادارے کی گائیڈر ثمینہ نجیب اور دیگر سٹاف ممبران کی کاوشوں کو بھی سراہا، جن کی محنت، دلچسپی اور بھرپور تعاون کے باعث گرلز گائیڈ انرولمنٹ پروگرام نہایت منظم اور احسن انداز میں منعقد ہوا۔پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی، سماجی اور عملی تربیت کے لیے بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں ایک بااعتماد، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔