نوجوان کی حاضر دماغی اور چستی نے بالکونی سے گرنے والے بچے کوعین وقت پر تھام کر بچا لیا۔
مصر میں نوجوان نے غیر معمولی حاضر دماغی اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالکونی سے گرنے والے پانچ سالہ بچے کو زمین سے ٹکرانے سے چند لمحے قبل تھام کر یقینی خطرے سے بچا لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیپالی استاد کی حاضر دماغی نے 1643 بچوں کی جان بچا لی
یہ واقعہ مصر کے علاقے گیزا کے ارض اللواء (Ard El-Lewa) میں پیش آیا، جہاں احمد رجب ایک دکان کے قریب موجود تھا کہ اچانک اسے اوپر کی جانب سے بچے کے خطرے میں ہونے کا احساس ہوا۔
احمد رجب کے مطابق عمارت کی طرف دیکھنے کے چند ہی لمحوں بعد پانچ سالہ بچہ بالکونی سے نیچے گر گیا۔
صورتحال اتنی اچانک تھی کہ کسی کو کچھ سمجھنے کا موقع نہ ملا، تاہم نوجوان نے فوراً گرتے ہوئے بچے کی جانب چھلانگ لگائی اور اسے زمین سے ٹکرانے سے عین پہلے اپنی بانہوں میں تھام لیا۔
نوجوان کی بروقت کارروائی کے باعث بچے کی جان بچ گئی۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے احمد رجب کی حاضر دماغی، ہمت اور فوری ردعمل کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
احمد رجب نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ خریدنے کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا کہ اچانک چیخ و پکار سنائی دی۔ اس نے فوراً عمارت کی جانب دیکھا تو ایک بچہ خطرناک صورتحال میں نظر آیا۔
اس کا کہنا تھا کہ چند ہی لمحوں بعد بچہ نیچے گر گیا اور سب کچھ اتنی تیزی سے ہوا کہ اسے یہ سوچنے کا موقع ہی نہیں ملا کہ وہ بچے تک پہنچ بھی پائے گا یا نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمان میں پاکستانی نوجوان کی بہادری: سیلابی ریلے سے دو افراد کی جان بچا لی
بچے کو بچانے کے اپنے فوری فیصلے کے بارے میں احمد رجب نے ’الحدث‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اپنے بارے میں بالکل نہیں سوچا تھا۔




