بھارت کو شکست دے کر ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر قومی ہیروز کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کے ویکم کیلئے شائقین اور متعلقہ حکام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ اور قومی ٹیم کے کپتان نثار علی نے تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور بھارتی رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں:اذلان شاہ ہاکی کپ، پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، امریکی ٹیم کوشکست
سید سلطان شاہ نے کہا کہ بھارت کا ہمیشہ سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب اسے اپنی یقینی شکست نظر آنے لگتی ہے تو وہ احتجاج اور اعتراضات شروع کر دیتا ہے۔ ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ طور پر پاکستان کو چیمپئن قرار دیا ہے لہٰذا اب بھارتی احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار اور معیاری کرکٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ہمیشہ کرکٹ کے میدان میں بھارت کو شکست دی ہے۔ انہیں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا چیئرمین ہونے پر فخر ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا آغاز آج ہوگا، پاکستانی اسٹارز بھی ایکشن میں ہوں گے
اس موقع پر قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نثار علی نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم کی محنت، جذبے اور شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ بھارت کو کھیل کے اصولوں کے مطابق اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے۔
کپتان نثار علی کا کہنا تھا کہ اگر فائنل میچ کھیلا بھی جاتا تو کامیابی پاکستان ہی کا مقدر بنتی۔ قومی ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔




