آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی گہرائی 220 کلومیٹر تھی۔ مرکز پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیپال سیلاب کی وجہ زلزلہ نہیں تھا ، امریکی ادارے کی وضاحت سامنے آ گئی
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ سمیت مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
اس کے علاوہ شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ اور دیگر علاقوں سے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
زلزلے کے اچانک جھٹکوں کے باعث شہری گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں لوگ کافی دیر تک کھلے مقامات پر موجود رہے۔
ابتدائی طور پر زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
زلزلے کے بعد شہریوں میں ممکنہ آفٹر شاکس کے حوالے سے بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا میں7.7شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری
حکام کی جانب سے زلزلے کے ممکنہ اثرات اور نقصانات سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔




