وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کہا ہے کہ یہ معاملہ زیادہ طویل نہیں چلے گا اور نئے سال کے آغاز شروع میں صوبو ں کے حوالے سے کوئی قابلِ قبول حل سامنے آجائے گا ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر جلد ایسی صورت سامنے آجائے گی جو تمام فریقین کیلئے قابلِ قبول ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ، پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا، خواجہ آصف
وزیر دفاع نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش موجود ہے اور آئینی ترامیم کا طریقہ کار بھی واضح طور پر درج ہے۔ نئے سال کے آغاز میں ریفرنڈم ہوسکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی وقت بتانا قبل از وقت ہوگا۔ ریفرنڈم سے متعلق دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جو بھی پیشرفت ہوگی، اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور اس معاملے سے متعلق دستاویزات بھی مشترکہ ہوں گی۔
18ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اگر اس پر من و عن عملدرآمد کیا جاتا تو آج نئے صوبوں کے قیام سے متعلق یہ بحث نہ ہوتی۔ 18ویں ترمیم کی روح نکالی جاچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے سال میں نیا نظام دیکھنے کو ملے گا،خواجہ آصف نے بڑا دعویٰ کردیا
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک بھر میں نئے صوبے بنیں تاہم ان کی تعداد کتنی ہوگی، اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔




