اسلام آباد: پیپلز یوتھ کی تنظیم سازی کیلئے اہم اجلاس، تمام ڈویژنز میں مشاورت سے تنظیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نامزد کردہ آرگنائزنگ کمیٹی برائے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن آزاد کشمیر کا ایک اہم اجلاس پیپلز سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر بھر میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کو فعال، منظم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سابق صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی و ممبر کشمیر کونسل چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیر حکومت و سیکرٹری اطلاعات پی پی پی آزادکشمیر سردار جاوید ایوب اور نائب صد پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر اُمیدوار اسمبلی سردار امجد یوسف نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:جموں کشمیر پیپلز پارٹی کو بڑا جھٹکا، ڈسٹرکٹ کونسلر نمبر دار نذیر خان مستعفی

اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، پارٹی کے تنظیمی امور اور نوجوانوں کو پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی و جمہوری مشن میں مؤثر انداز میں شریک کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس امر پر زور دیا گیا کہ نوجوان کسی بھی سیاسی جماعت کا اہم سرمایہ اور مستقبل کی قیادت ہوتے ہیں، لہٰذا پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کی تمام ڈویژنز میں نوجوانوں کی مشاورت، باہمی اتفاقِ رائے اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا، تاکہ نوجوان قیادت کو آگے آنے اور پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے،انتخابات پر شدید تحفظات ہیں، چوہدری محمد یاسین

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات، افکار اور سیاسی جدوجہد سے نوجوان نسل کو روشناس کرایا جائے گا۔ پارٹی منشور، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو نئی نسل تک منتقل کرنے کیلئے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کو ایک مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔