پاکستان نے ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کمپٹیشن کے دوسرے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
مسلسل بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 11 اوورز فی ٹیم تک محدود کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما نے افغانستان کیخلاف 30گیندوں پر سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا
پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر تھائی لینڈ نے مقررہ 11 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹر نناپٹ کونچاروینکائی نے 38 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو ایک مسابقتی ٹوٹل تک پہنچایا۔
اوپنر پھنیتا مایا نے 16 گیندوں پر ایک چوکے کے ساتھ 15 رنز بنائے جبکہ کپتان نارومول چائیوائی نے صرف 3 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 10 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔
اوپنر نتھاکن چنتھم نے 5 گیندوں پر ایک چوکے کے ساتھ 6 رنز بنائے چنیدا ستھیرونگ 3 گیندوں پر 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ افسارا سوونچونراتھی نے ایک رن کا اضافہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نمایاں باؤلر رہیں جنہوں نے 3 اوورز میں 22 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ شوال ذوالفقار 14 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔
کپتان فاطمہ ثنا نے 13 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 21 رنز بنائے جبکہ گل فیروزہ نے 13 گیندوں پر ایک چوکے کے ساتھ 16 رنز اسکور کیے۔
یہ بھی پڑھیں:کرکٹر محمد رضوان کے خلاف این سی سی آئی اے انکوائری، سوال نامے کی اہم تفصیلات سامنے آ گئیں
طوبیٰ حسن نے 7 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 13 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ ام ہانی نے وننگ رن بنا کر پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔
اس ٹورنامنٹ میں کل 8 ٹیمیں بھارت، پاکستان، بنگلا دیش، سری لنکا، جاپان، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور چین شریک ہیں اور یہ سیدھا ناک آؤٹ فارمیٹ ہے جو 17 ستمبر سے شروع ہوا ہے۔
سیمی فائنل تک پہنچنے والی دوسری ٹیم بنگلا دیش ہے۔ بنگلہ دیش کا چین کے خلاف کوارٹر فائنل بارش کی وجہ سے ٹاس کے بغیر ہی ختم ہو گیا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش اپنی بہتر آئی سی سی رینکنگ (10 ویں) کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ چین 36 ویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش کا سیمی فائنل میں مقابلہ بھارت و جاپان کے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
پاکستان نے تھائی لینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ شیڈول کے مطابق ویمنز کرکٹ کے دونوں سیمی فائنلز 20 ستمبر کو ہوں گے اور فائنل و کانسی کے تمغے کا میچ 22 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز میں شرکت کے لیے پاکستانی گھوڑا ایڈن ڈو ویریٹ ٹوکیو پہنچ گیا
پاکستان کا سیمی فائنل سری لنکا اور ملائیشیا کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کا کوارٹر فائنل ابھی باقی ہے۔ شیڈول کے مطابق بھارت کا کوارٹر فائنل جاپان کے خلاف جمعہ (19 ستمبر) کو ہے۔ فائنل اور کانسی کے تمغے کا میچ 22 ستمبر کو ہے۔




