اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو بائیومیٹرک ڈیٹا کے تحفظ اور آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اپنی حساس معلومات غیر مجاز افراد کو فراہم کرنے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئی سم کارڈ کے حصول یا کسی بھی ٹیلی کام سروس کیلئے بائیومیٹرک تصدیق صرف موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے مجاز کسٹمر سروس سینٹرز، فرنچائزز یا منظور شدہ سیلز آؤٹ لیٹس پر ہی کروائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:موبائل سگنلز کمزور؟ پی ٹی اے کا صارفین کو اہم مشورہ
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ فنگر پرنٹس فراہم کرنے سے پہلے اس بات کی مکمل تصدیق کریں کہ ان کا بائیومیٹرک ڈیٹا کس مقصد کیلئے حاصل کیا جا رہا ہے۔
شہری کسی بھی غیر مجاز شخص یا دکاندار کو اپنی حساس معلومات فراہم نہ کریں تاکہ بائیومیٹرک ڈیٹا کے ممکنہ غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ایک اور عام فراڈ سے بھی خبردار کیا ہے، جس میں نوسرباز خود کو کوریئر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جعلساز پارسل یا شپمنٹ کی ڈیلیوری مکمل کرنے کا بہانہ بنا کر شہریوں سے او ٹی پی یا دیگر خفیہ معلومات طلب کرتے ہیں اور بعد ازاں ان معلومات کو فراڈ کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی اے کا بڑا اقدام: پری پیڈ موبائل بیلنس کی میعاد 180 دن مقرر
اتھارٹی نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ اپنا او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، بالخصوص کوریئر کمپنیوں یا دیگر اداروں کا نمائندہ بن کر رابطہ کرنے والے نامعلوم افراد کو کسی قسم کا کوڈ یا ذاتی معلومات فراہم نہ کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں ڈیجیٹل فراڈ، جعلسازی اور حساس معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رکھنا انتہائی ضروری ہے۔




