پاکستان کا بھارتی وزیرداخلہ کے الزامات پر سخت ردعمل، آئینہ دکھا دیا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان پر عائد کئے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت میں ہونے والی گرفتاریاں اور پاکستان پر عائد الزامات محض اندرونی سیاسی مقاصد کے لیے گھڑا گیا پروپیگنڈا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی دستاویزی فلم اپنے ہی دعوئوں کے تضادات سے بے نقاب،ہر مہم کا فیصلہ کن جواب دیا جائیگا، پاک فوج

بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں اور سیکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت ایک جانب اپنے ملک میں اقلیتوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ دوسری جانب بیرون ملک دہشت گردی برآمد کر رہا ہے۔

بھارتی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی، ٹارگٹڈ قتل اور تخریب کاری دنیا سے ڈھکی چھپی نہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان بھارت کی جانب سے پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے حوالے سے ناقابلِ تردید ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کرچکا ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارتی نیول کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے،بھارت کو پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنے طرزِ عمل پر توجہ دینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کی بڑی ناکامی،ماسکو نے کراچی تک ریلوے نظام قائم کرنے کا اعلان کردیا

ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور تخریب کاری کا محاسبہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے تاہم اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔