اسلام آباد: وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کافی عرصے بعد برف پگھلنا شروع ہوئی ہے اور حکومتی وزراء کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ ، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن چیمبر میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں:دھرنے والےخود کو قانون کے حوالے کریں،نئی حکومت مسئلہ حل کرے گی،رانا ثناء اللہ
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصرعباس نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ملاقات کے موقع پر ترجمان تحریک تحفظ آئین حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔ موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی سیاسی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سیاسی امور پر مشاورت اور باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق رائے کیا گیا، فریقین نے آئندہ بھی باہمی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد رانا ثنااللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا تھا ، وزیراعظم اس خط کا جواب دے رہے ہیں، اسی معاملے پر مشاورت کے لیے محمودخان اچکزئی کے پاس آئے تھے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے بات آگے بڑھ سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کے خط کا جواب دیں گے، پیر والی ملاقات سے برف پگھلے گی اور معاملہ آگے چلے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ملک میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا، اپوزیشن تسلیم کرے: عطاء اللہ تارڑ
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر کوئی کمپرومائز کیا نہ کیا جائے گا، انہیں پہلے سے بہتر طبّی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کے پاس نئے صوبوں سے متعلق ابھی کوئی تجویز نہیں۔




