مون سون بارشیں؛ مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ، سیلاب کی وارننگ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)آئندہ 24گھنٹوں کے دوران آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ، لاہور، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ، جبکہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نم آلود ہوائیں ملک کے وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی الیکشن تنازعہ: نظیرالحسن گیلانی کا چیف الیکشن کمشنر سے اختلاف،دوبارہ نتائج مرتب کرنے کا حکم

آزادکشمیر ،راولپنڈی ،اسلام آباد، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی اور دریائے چناب میں آئندہ دنوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

جبکہ راوی اور چناب سے منسلک برساتی نالوں میں 21 اگست تک کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میر واعظ عمرفاروق ایک بار گھر میں نظر بند،گھر کا گھیرائو

ڈیموں کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تربیلا ڈیم پانی کی آخری حد تک پہنچ کر مکمل طور پر بھر گیا ہے، جبکہ منگلا ڈیم 69 فیصد تک بھر چکا ہے۔

دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔