حویلی الیکشن تنازعہ: نظیرالحسن گیلانی کا چیف الیکشن کمشنر سے اختلاف،دوبارہ نتائج مرتب کرنے کا حکم

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)حویلی انتخابی دھاندلی کیس ،ممبرالیکشن کمیشن سیدنظیرالحسن گیلانی نے چیف الیکشن کمشنرمصطفیٰ مغل اورسینئرممبرخواجہ احسن سے اختلاف کرتے ہوئے فارم 24 مسترد کرکے اصل پولنگ نتائج کے مطابق دوبارہ نتیجہ مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر اور سینئر ممبر نے خواجہ طارق سعید اور چوہدری محسن عزیز کی ری کاؤنٹنگ درخواست مسترد کر دی تھی۔ تاہم سید نظیر الحسن گیلانی نےانتخابی نتائج میں جعلسازی/ٹمپرنگ کے خدشات کو درست قرار دیدیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کا بیانیہ مسترد:مظفرآباد میں حالات معمول پر، تعلیمی ادارے کھل گئے

ممبر ایکشن کمیشن سیدنظیر الحسن گیلانی نے ان حالات میں ایسا سخت اور میرٹ پر فیصلہ دیتے ہوئے امید دلائی ہے کہ آئینی اور انصاف کے اداروں میں ان بھی کچھ افراد بلا خوف و خطر اپنا کام دیانتداری سے کرتے ہیں۔

اس سے قبل ایل اے 17 حویلی کے ریٹرننگ افسر نے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو 33,872 ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار دیدیا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کا آزادکشمیر الیکشن تنازعہ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ

مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محسن عزیز 32,354 ووٹ حاصل کر کے دوسرے جبکہ آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید 12,538 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نتائج میں ردوبدل کے الزامات، احتجاجی دھرنے اور ری کاؤنٹنگ کے مطالبات کے باوجود کل 84,702 کاسٹ شدہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر حتمی نتیجہ جاری کیا گیا۔