کالعدم ایکشن کمیٹی کا بیانیہ مسترد:مظفرآباد میں حالات معمول پر، تعلیمی ادارے کھل گئے

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا بیانیہ مسترد کرتے ہوئے مظفرآباد میں عوامی رونقیں بحال ہونے لگیں ۔ شہر اور تعلیمی ادارے ایک بار پھر کھل گئے ۔

ذرائع کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں حالات معمول پر آ گئے ، تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھل چکے ہیں جبکہ تقریباً تین ماہ بعد نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بھی آج سے دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کا آزادکشمیر الیکشن تنازعہ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق سرکاری دفاتر میں بھی معمول کے مطابق حاضری جاری ہے اور شہری روزمرہ کی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال اور احتجاج کی کال کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اب بڑی حد تک معمول پر آ چکی ہے۔

تاہم انٹرنیٹ سروس کی عدم بحالی کے باعث شہریوں اور کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر حکومت سازی ، مخصوص نشستوں پر الیکشن24،وزیراعظم کا انتخاب27اگست، شیڈول جاری

شہریوں کو امید ہے کہ انٹرنیٹ سروس بھی جلد بحال ہو جائے گی، جس کے بعد انٹرنیٹ سے وابستہ کاروباری سرگرمیاں بھی مکمل طور پر بحال ہو سکیں گی۔

دوسری جانب تعلیمی اداروں کا دوبارہ کھلنا شہریوں کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ کئی عرصے سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کے باعث بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا تھا۔ اب تعلیمی سلسلہ بھی معمول کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے۔