گوگل

پاکستان کا 79واں یوم آزادی : گوگل نے بھی ڈوڈل پر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا

دنیا کے معروف ترین اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر اپنا روایتی ڈوڈل تبدیل کر کے پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

گوگل نے اس سال یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک نہایت دلکش اور خوبصورت ڈیزائن تیار کیا ہے جس میں پاکستان کا قومی سبز ہلالی پرچم نیلے آسمان پر پوری شان و شوکت سے لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ اس کے پس منظر میں بادلوں کے دلفریب انداز میں انگریزی میں گوگل کا نام رقم نظر آ رہا ہے۔

ٹیکنالوجی کی دنیا کی اس عظیم کمپنی کی یہ دیرینہ روایت رہی ہے کہ وہ دنیا بھر میں رونما ہونے والے اہم قومی و بین الاقوامی واقعات، ثقافتی تہواروں، تاریخی ایام اور عالمی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے اپنے سرچ ہوم پیج کا لوگو یعنی ڈوڈل تبدیل کرتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جشن آزادی ، شہر قائد ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھا،خاتون جاں بحق، درجنوں زخمی

اسی خوبصورت روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی 14 اگست کے پروقار موقع پر پاکستان کی آزادی کا دن خاص انداز میں منایا گیا ہے۔گوگل اس سے قبل بھی یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر متعدد بار اپنے ڈوڈل کو تبدیل کر چکا ہے۔

ماضی میں بھی کمپنی نے پاکستان کے مختلف تاریخی و ثقافتی مقامات مثلاً درہ خیبر، مینارِ پاکستان، شاہی قلعہ لاہور، اور پاکستان کے قومی جانور مارخور کو اپنے ڈوڈلز کا حصہ بنا کر ملک کی بھرپور تاریخ اور ثقاقت کو عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے۔

دوسری جانب جشنِ آزادی کی مناسبت سے جہاں ملک بھر میں جوش و جذبے کا ماحول ہے، وہیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی ایک نیا ملی نغمہ “میرا پیارا وطن پاکستان جاری کیا گیا ہے، جسے عوام کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان کی قوم کو جشن آزادی پر مبارکباد، وطن کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ

یومِ آزادی کے اس موقع پر سرچ انجن کی اس تخلیقی کاوش نے پاکستانی انٹرنیٹ صارفین اور شائقین کی خوشیوں کو مزید دوآتشہ کر دیا ہے۔