افواج پاکستان کی قوم کو جشن آزادی پر مبارکباد، وطن کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ

راولپنڈی: افواج پاکستان نے قوم کو پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کے پُرمسرت موقع پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ائیرچیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا 79 واں یوم آزادی، ملک بھر میں جشن، عمارتیں سج گئیں

مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریکِ آزادی کے تمام اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم اور بانیان پاکستان کا وژن، عزم اور حوصلہ آج بھی قوم کیلیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

پاکستان کی آزادی کو حقیقت بنانے والے تمام شہدا اور قربانیاں دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج کی جانب سے شہدا کو خراجِ عقیدت اور غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے محب وطن افراد کی خدمات کا اعتراف کیا گیا، شہدا، غازیوں کی بے مثال قربانیوں نے ملکی سلامتی، خود مختاری اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا۔

پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مسلح افواج نے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ مسلح افواج آئین کی پاسداری اور قوم کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری پوری کرتی رہے گی۔

مسلح افواج امن و استحکام کے فروغ اور قومی ترقی و خوشحالی کیلیے سازگار ماحول کے قیام کے عزم پر قائم ہے، پاکستان کی اصل طاقت قوم کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مختلف علاقوں میں 15 اگست تک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ،الرٹ جاری

یومِ آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا عزم، قومی یکجہتی مضبوط، برداشت کو فروغ اور محفوظ، مستحکم و خوشحال پاکستان کیلیے مل کر کام کرنے کا عہد کرتے ہیں، پاکستان کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے پوری قوم متحد ہے۔