پاکستان کا 79 واں یوم آزادی، ملک بھر میں جشن، عمارتیں سج گئیں

پاکستان کا 79واں یوم آزادی کا جشن ملک بھر میں شروع ہوگیا ہے اور سرکاری اور نجی عمارتوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔

پاکستان کے یوم آزادی کی مناسب سے تقاریب کا آغاز اسلام آباد میں یادگار فتح کی افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا جہاں وفاقی وزرا، غیرملکی سفیروں اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کی ولولہ انگیز قیادت میں دشمن کو تاریخی شکست دی،وزیراعظم شہبازشریف

صدر مملکت نے یادگار فتح پر قومی پرچم لہرا کر 79واں یوم آزادی کے جشن کا آغاز کیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور دیگر مہمانان موجود تھے۔

کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں 12 بجتے ہی آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔

اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے بھی ریلی نکالی اور کارکنوں کی بڑی تعداد بلیو ایریا پہنچ گئی۔اسلام آباد میں 12 بجتے ہی منچلے سڑکوں پر نکل آئے جس سے ٹریفک بدترین جام ہوگیا۔

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآبادسمیت تمام اضلاع میں جشن منایا گیااور پاکستان سے لازوال محبت کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:صدرمملکت،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارفتح کا افتتاح کردیا

پشاور میں 14اگست کا آغازہوتے ہی شہر آتش بازی کی آوازوں سے گونج اٹھا، مختلف علاقوں میں آتش بازی کا اہتمام کیا گیا اورآسمان روشن ہوگیا۔

پشاورکی سڑکوں پررش نظر آیا اور پاکستان زندہ بادکے نعرے سے فضا گونج اٹھی، سڑکوں پرجم غفیر اورعوام میں جوش وخروش دیدنی تھا۔