آزاد کشمیر: 58 سرکاری سیاحتی املاک لیز پر دینے کا فیصلہ، سرمایہ کاروں سے مسابقتی بولیاں طلب

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر حکومت نے سیاحتی شعبے کے فروغ اور سرکاری سیاحتی املاک کی بحالی کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا۔

آزاد کشمیر بھر میں موجود 58 سرکاری سیاحتی مقامات اور املاک کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا  جس کیلئے محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ نے دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں اور رجسٹرڈ فرموں سے سربمہر مسابقتی بولیاں طلب کر لی ہیں۔

محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے مطابق منصوبے کے تحت سرکاری سیاحتی انفراسٹرکچر اور املاک کی بحالی، آپریشن اور دیکھ بھال نجی شعبے کے سپرد کی جائے گی۔

یہ منصوبہ Rehabilitate, Operate and Transfer (ROT) ماڈل کے تحت مکمل کیا جائے گا، جس کے مطابق املاک موجودہ حالت اور مقام کی بنیاد پر لیز پر دی جائیں گی۔

اشتہار کے مطابق اس منصوبے کا آغاز میسرز دیار ریزورٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے کشمیر انٹیگریٹڈ ٹورازم (KIT) پروگرام کے تحت جمع کروائی گئی

مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2،2 روپے کمی،نوٹیفکیشن جاری

غیر مطلوبہ تجویز اور فزیبلٹی اسٹڈی کی بنیاد پر کیا گیا، تاہم اب اسے آزاد جموں و کشمیر ٹورازم پروموشن ایکٹ 2019 اور ٹورازم پروموشن رولز 2021 کے تحت مسابقتی بولی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

بولی میں حصہ لینے کے خواہش مند سرمایہ کار اور فرمیں بولی کی دستاویزات ڈائریکٹوریٹ جنرل محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ، چھتر مظفرآباد سے دفتری اوقات میں حاصل کر سکیں گے

جس کی ناقابلِ واپسی فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ فیس پے آرڈر یا بینک ڈرافٹ کے ذریعے متعلقہ محکمے کے نام جمع کروانا ہوگی۔

شرائط کے مطابق ہر بولی دہندہ کے لیے 30 لاکھ روپے کی بولی سیکیورٹی جمع کروانا لازمی ہوگا، جو کیش ڈپازٹ رسید (CDR) یا شیڈولڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ بینک گارنٹی کی صورت میں ہوگی۔

مطلوبہ سیکیورٹی کے بغیر جمع کروائی گئی بولی مسترد کر دی جائے گی۔ بولی دہندگان کو اپنی تکنیکی اور مالیاتی تجاویز الگ الگ سربمہر لفافوں میں جمع کروانا ہوں گی۔

بولیاں ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے دفتر، ٹورازم کمپلیکس، مین روڈ چھتر مظفرآباد میں جمع کروائی جائیں گی۔ تکنیکی بولیوں کی افتتاحی تاریخ 14 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

جو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر بولی دہندگان یا ان کے مجاز نمائندوں کی موجودگی میں کھولی جائیں گی جبکہ مالیاتی تجاویز بعد ازاں بولی دستاویزات میں درج طریقہ کار کے مطابق کھولی جائیں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان: 60کروڑ آمدنی،160وائلڈ لائف ملازمین، آزادکشمیر:آمدن 40لاکھ،200ملازمین، سنسنی خیزرپورٹ

اشتہار کے مطابق اصل تجویز دہندہ کے حقوق اور ذمہ داریوں کا تعین متعلقہ ایکٹ اور قواعد کے تحت کیا جائے گا۔

جبکہ مجاز اتھارٹی کو قوانین کے مطابق کسی بھی بولی یا تمام بولیوں کو قبول یا مسترد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ نے مزید معلومات کے لیے سرمایہ کاروں کو ڈائریکٹر جنرل کے دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں فون نمبر 05822-921421 اور ای میل ajktourism@hotmail.com پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت آزاد کشمیر کی 58 سرکاری سیاحتی املاک کو نجی شعبے کے ذریعے بحال اور فعال بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جس سے سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔