کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل) صدر پاکستان مسلم لیگ ن حویلی سید عابد بخاری کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں، تاجروں اور کارکنان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کے انتخابی نتائج میں جعلسازی، نتائج میں ردوبدل اور مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے 13 اگست سے حویلی کہوٹہ کو غیرمعینہ مدت تک مکمل بند رکھنے اور احتجاج کا اعلان کر دیا ۔
اجلاس میں دوٹوک مؤقف اختیار کیا گیا کہ چوہدری محسن عزیز کے انتخابی مینڈیٹ کو تبدیل کرکے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو کامیاب کرانے کی کوشش کی گئی، جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کا آئندہ وزیراعظم کون ہوگا؟ن لیگ کا اجلاس طلب، 3 امیدوار سامنے آگئے
مسلم لیگ ن حویلی کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حلقہ ایل اے 17 کے تمام انتخابی تھیلے فوری طور پر کھولے جائیں۔
ہر پولنگ اسٹیشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے اور پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے موقع پر جاری کئے گئے اصل نتائج کی روشنی میں حتمی نتیجہ مرتب کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
اجلاس میں الزام عائد کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز اور آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید کے درجنوں پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں جعلسازی کے ذریعے ردوبدل کیا گیا جبکہ فیصل ممتاز راٹھور، جو انتخابی مقابلے میں تیسرے نمبر پر تھے، کو کامیاب ظاہر کرنے کیلئے ہزاروں ووٹ نتائج میں شامل کئے گئے۔
مسلم لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ درجنوں پولنگ اسٹیشنز پر پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے موقع پر جاری کئے گئے نتائج اور پولنگ ایجنٹس کو فراہم کردہ فارم موجود ہیں، جبکہ یہی نتائج دیگر امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کے پاس بھی محفوظ ہیں جنہیں سامنے لا کر تبدیل شدہ نتائج اور اصل نتائج کے درمیان فرق باآسانی واضح کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں دعویٰ کیا گیا کہ موقع پر موصول ہونے والے نتائج کے مطابق چوہدری محسن عزیز واضح مارجن سے کامیاب ہو چکے تھے، تاہم آر او دفتر میں جمع ہونے والے نتائج میں تبدیلی کرکے انتخابی منظرنامہ تبدیل کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن : حویلی الیکشن چیلنج،محسن عزیز کی درخواست سماعت کیلئے منظور
مسلم لیگ ن حویلی نے اعلان کیا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے کسی شخص کو اسمبلی تک پہنچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کے ووٹ کے تقدس اور انتخابی مینڈیٹ کے دفاع کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کیا جائے گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اگر الیکشن کمیشن اور فیصل ممتاز راٹھور کو نتائج کی شفافیت پر مکمل یقین ہے تو پھر انتخابی تھیلے کھولنے، دوبارہ گنتی کرانے اور اصل نتائج سامنے لانے میں رکاوٹ کیوں پیش کی جا رہی ہے؟
مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ شفاف دوبارہ گنتی ہی تمام اعتراضات کا واحد راستہ ہے، تھیلے کھول کر ووٹوں کی گنتی کرائی جائے اور جو امیدوار حقیقی طور پر کامیاب ہے اسے عوام کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہوئے کامیاب قرار دیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مبینہ انتخابی دھاندلی اور نتائج میں ردوبدل کے خلاف 13 اگست سے حویلی کہوٹہ میں مکمل شٹر ڈاؤن اور احتجاج شروع کیا جائے گا جو اصل نتائج سامنے آنے، تمام تھیلوں کی دوبارہ گنتی مکمل ہونے اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ تک جاری رہے گا۔
مسلم لیگ ن حویلی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ہزاروں ووٹرز کے ووٹ کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیا جائے گا اور انتخابی نتائج تبدیل کرکے عوامی فیصلے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوئی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں سید عابد بخاری صدر مسلم لیگ ن حویلی، جاوید ڈار چیئرمین ضلع کونسل، شیخ عارف چیئرمین بلدیہ کہوٹہ، منظور ڈار، حاجی کشور خان، ہمایوں ڈار، وحید چوہان صدر انجمن تاجران، چوہدری منیر حسین، دلشاد چوہان، طالب بھٹی، عتیق کیانی ایڈووکیٹ، عالم حسین سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔




