الیکشن کمیشن : حویلی الیکشن چیلنج،محسن عزیز کی درخواست سماعت کیلئے منظور

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)حلقہ ایل اے 17حویلی کہوٹہ سے مسلم لیگی امیدوار چودھری محسن عزیز نے فارم 24 میں ٹمپرنگ ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو باقاعدہ درخواست دیدی

چیف الیکشن کمشنر نے محسن عزیز کی درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے جمعرات 13 اگست کو صبح 10 بجے الیکشن کمیشن آفس مظفرآباد میں اجلاس طلب کرلیا ۔

مسلم لیگ کے امیدوار چودھری محسن عزیز نے راجہ سجاد ایڈوکیٹ اور چودھری غلام نبی ایڈوکیٹ کے ذریعے الیکشن کمیشن میں اپنی درخواست جمع کروادی۔

محسن عزیز کی چیئرمین پپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ٹمپرنگ کے ذریعے نتائج بدلے گئے،ری کائونٹنگ میں کامیاب نہ ہوا تو سیاست چھوڑ دونگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی کے خلاف پیپلز پارٹی کا عدالت جانے کا فیصلہ، زرداری ہاؤس میں اہم اجلاس

ذرائع کے مطابق حویلی سے مسلم لیگ کے نامزد امیدوار چودھری محسن عزیز نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیشکش کی کہ ری کائونٹنگ کرائی جائے بھاری اکثریت سے نہ جیتا تو سیاست چھوڑ دونگا۔

چودھری محسن عزیز نے وزیراعظم فیصل راٹھور کی کامیابی کے بعد جاری بیان میں کہا کہ فارم 27 والا وزیر اعظم اپنی شکست کو فتح میں بدل رہا ہے مگر ہمارے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے پریزئیڈنگ آفیسرز کے نتائج موجود ہیں جس میں ہم 8600 کی واضح برتری سے جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس موجود نتائج اور آر او کے پاس موجود نتائج میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہم نے آر او کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی مگر مسترد کردی گئی۔

ہم آر او کی جانبداری نے حویلی کا پرامن ماحول تباہ کردیا ،مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیںدے سکتے ۔

وزیر اعظم سارا دن اپنے پولنگ اسٹیشنوں پر ٹھپے مارتے رہے،مسلح افراد پولنگ اسٹیشن پر اسلحہ لے کر ووٹرز کو ہراساں کرتے رہے، اس کے باوجود شکست دیکھ کر فارم 24 میں ہی ٹمپرنگ کرکے رزلٹ تبدیل کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور ایران کا 60روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق، ترک میڈیا

انہوں نے کہا کہ اگر چور کی داڑھی میں تنکا نہیں تو دوبارہ گنتی پر اعتراض کیسا ؟ ویسے بھی دوبارہ گنتی میرا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو پیشکش کرتے ہیں وہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کی ری کاونٹنگ کرالیں، اگر میں بھاری اکثریت سے نہ جیتا تو سیاست چھوڑ دونگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں ووٹرز اپنا مینڈیٹ چوری ہونے کیخلاف آر او آفس کے باہر گھیرائو کرکے دھرنا دیئے ہوئے ہیں، حویلی کی تمام سڑکیں بند ہیں جب تک دوبارہ گنتی نہیں ہوتی اور مینڈیٹ واپس نہیں ہوتا احتجاج جاری رکھیں گے اور کسی صورت اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔