حلقہ ایل اے17حویلی کے انتخابی نتیجہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے اورسیاسی کشیدگی بڑھ گئی، پولنگ بیگزمظفرآباد طلب کر لیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے17حویلی کے پولنگ بیگز ہنگامی بنیادوں پر مرکزی دفتر مظفرآباد طلب کر لیے تاہم حلقے کا حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں:حویلی :انتخابی نتائج پر تنازعہ، خواجہ طارق سعید کا ری کاؤنٹنگ کا مطالبہ
سخت سکیورٹی میں ووٹوں سے بھرے پولنگ بیگز حویلی سے براستہ باغ مظفرآباد پہنچائے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے17حویلی کے پولنگ بیگز کو محفوظ رکھنے اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے انہیں مرکزی دفتر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حلقے کے انتخابی نتیجے میں تاخیر کے باعث سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے، دونوں امیدوار اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں، ری کائوٹنگ کے مطالبہ پر مسلم لیگ کے ہزاروں کارکنوں نے آراو آفس کے باہر دھرنا دے رکھا تھا۔
مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کے مطابق منگل کی شام الیکشن کمیشن کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ دوبارہ گنتی کرائی جائیگی جس پر دھرنا ختم ہوا لیکن دوبارہ گنتی کے بجائے بیگز مظفرآباد طلب کر لئے گئے ہیں۔
دوسری طرف پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولنگ بیگ محفوظ رکھنے کیلئے مظفرآباد طلب کئے گئے اور ملازمین کے ووٹوں کی گنتی کے بعد حتمی نتیجہ جاری کیا جائیگا۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 31 ہزار 839 ووٹ حاصل کئے ہیں اور وہ حلقے سے کامیاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے امیدوارچوہدری محسن عزیز کا کہنا ہے کہ وہ 6 ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو چکے ہیں تاہم ان کے بقول نتائج میں مبینہ ردوبدل کے ذریعے انہیں شکست خوردہ امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محسن عزیز کیساتھ ناانصافی کی گئی،دوبارہ گنتی کرائی جائے، شاہ غلام قادر، فاروق حیدر
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے انتخابی نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی امیدوار محسن عزیز کے ساتھ بڑی ناانصافی کی گئی، جعلی نتائج تیار کرکے انہیں ان کے جائز حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و مرکزی رہنما مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ردعمل میں کہا کہ حویلی میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں دھاندلی سے نتائج تبدیل کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے ۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن عزیز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ فیصل راٹھور کو ممتاز راٹھور کے نام کی لاج رکھتے ہوئے از خود دھاندلی زدہ نتایج کو قبول کرنے سے انکار کردینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن: ایل اے 31حلقہ کھاوڑا کے انتخابی نتائج چیلنج
2021 میں ن لیگ الیکشن ہاری تو ہم نے فراخدلی سے ہار تسلیم کی کوئی دھرنا، احتجاج نہیں ہوا ،اب ہمارے امیدوار کی جیت کو ہار میں بدلا جارہا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر اس حلقے میں نتائج جاری کرنے سے قبل دوبارہ گنتی کروائیں اس کا جو بھی نتیجہ نکلے گا ہم اس کو قبول کرینگے۔




