محسن نقوی کی ملاقات، پاکستان کیساتھ تعلقات اور تعاون مزید گہرا کرنے کیلئے تیار ہیں،ایرانی صدر

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات اور باہمی تعاون سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز پر کشیدگی،محسن نقوی اہم دورے پر ایران پہنچ گئے

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے تیار ہے۔

ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ ہیں۔

محسن نقوی کا دورہ تہران ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی منگل کے روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے تہران کے ہوائی اڈے پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا استقبال کیا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق تہران پہنچنے کے بعد محسن نقوی نے منگل کی شام ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں:ترکیہ میں ٹرمپ ایرانی نشانے پرآگئے،خفیہ طور پر برطانیہ منتقل کیا،نیویارک ٹائمز کا انکشاف

دورہ ایران کے دوران پاکستانی وزیر داخلہ کی ایرانی حکام سے مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اعلان کیا تھاکہ ایرانی سپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کو دورہ پاکستان کی دعوت ملی ہے اور وہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کرینگے۔