پیپلزپارٹی نے ہنگامہ آرائی کروائی، انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی کوشش کی: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد سے اے بی این نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 45 میں سے 23 نشستیں حاصل کر کے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔ وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 23 پر کامیابی حاصل کی ہے اور آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے ترقی کی نئی منازل طے کریں گے۔

انتخابی نتائج اور مسلم لیگ ن کی کامیابی:

پریس کانفرنس میں تفاصیل بتاتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کا دوسرا مرحلہ بھی شفاف طریقے سے مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل اے 27 میں خراب موسم کے باعث الیکشن ملتوی ہوا، جبکہ مسلم لیگ ن کو 13 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات ،مرکزی مسلم لیگ کا بھی دھاندلی کا الزام، دھرنا دیدیا

رانا ثناء نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیر کے تمام نظریاتی، مالیاتی اور سیاسی مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر قائم ہو گی اور نواز شریف کی جانب سے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔

دھاندلی کے الزامات پر ردعمل:

دھاندلی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی کا بیانیہ تیار کر رکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں 13 حلقوں میں دھاندلی کے دعوے کیے گئے، لیکن بعد ازاں یہ تعداد کم ہو کر چار اور پھر صرف دو حلقوں تک محدود ہو گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے دوسرے مرحلے میں 3 نشستیں حاصل کی ہیں، اور پیپلز پارٹی والوں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ 3 نشستوں پر کامیاب ہو جائیں گے۔

میرپور الیکشن اور ہنگامہ آرائی کے الزامات:

وزیراعظم کے مشیر نے میرپور کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرپور الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پتہ چلا کہ وہ ہار گئے ہیں تو انہوں نے طوفان اٹھا دیا۔ پیپلز پارٹی نے شور مچایا کہ ان کے ایم این اے پر حملہ کیا گیا ہے، جس پر رانا ثناء نے سوال اٹھایا کہ پیپلز پارٹی والے بتا تو دیں کہ ایم این اے وہاں کیا کرنے گیا تھا؟

مزید پڑھیں: آزادکشمیر الیکشن : پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو سپورٹ کیا: خواجہ آصف

رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کرائی اور الیکشن کو سبوتاژ کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے اپیل کی کہ وہ گزشتہ روز کے ان واقعات کی تحقیقات کروائیں۔