آزاد کشمیر انتخابات ،مرکزی مسلم لیگ کا بھی دھاندلی کا الزام، دھرنا دیدیا

مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان مزمل ہاشمی نے ریٹرننگ آفیسر (آر او) آفس نارووال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ ن مبینہ طور پر انتخابی نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی ترجمان مزمل ہاشمی نے آر او آفس کے باہر احتجاج کے دوران مطالبہ کیا کہ کامیاب امیدوار کو اس کی کامیابی دی جائے اور نتائج میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:انتخابات دوسرا مرحلہ،خاتون سمیت 7نئے چہروں کی اسمبلی میں انٹری

انہوں نے آر او اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ کسی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری سے انجام دیں۔

مزمل ہاشمی نے کہا کہ ریٹرننگ افسران ریاست کے ملازم ہیں، کسی سیاسی جماعت کے نہیں۔ اس لیے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے شفاف انداز میں نتائج مرتب کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ ووٹوں کو کسی امیدوار کے حق میں شامل کرنے، انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں اور مبینہ طور پر غیر قانونی کاپیاں استعمال کرنے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان نے کہا کہ آر او آفس میں نتائج تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا اور مطالبہ کیا کہ انتخابی نتائج شفاف انداز میں جاری کیے جائیں تاکہ عوام کے فیصلے کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات، 17نشستوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ12،پی پی 5 پر کامیاب

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری چوہدری عرفان مہیس نے کہا کہ ریاستی باشندوں کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ پر اعتماد کیا ، یہ الیکشن مسلم لیگ ن کے خلاف نہیں ان عناصر کے خلاف تھا جنہوں نے دھاندلی کے ذریعے مخالف جماعت کو کامیاب بنایا۔

ایل اے 37جموں 6 سے مرکزی مسلم لیگ کے عثمان علیم 22827 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ یہاں سےمسلم ليگ(ن) کی مریم جاوید 28664 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی ہیں۔