ثاقب مجید

راجہ ثاقب مجید کیخلاف ایک اور مقدمہ درج ،مستقبل کیا ہوگا؟

قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملہ کی کوشش،مسلم لیگ ن کے امیدوار حلقہ کھاوڑہ راجہ ثاقب مجید سمیت 7 افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا،ایف آئی آر میں پانچ سنگین دفعات شامل ہیں۔

تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ راجہ ثاقب مجید اور انکے 7 ساتھیوں کے خلاف درج کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا نوٹس لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات، 18نشستوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ13،پی پی 5 پر کامیاب

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس ذمہ داروں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچائیں، فیصل ممتاز راٹھور نے انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کی ناقص صورت حال پر شدید برہمی کابھی اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کشمیر میں وقار اور اصول پسندی کی سیاست پر ایک طمانچہ ہے، مسلم لیگ ن کے شرپسند عناصر نے صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کرکے ناقابل برداشت حرکت کی ہے۔

قائم مقام صدرریاست چوہدری لطیف اکبر کا کہنا ہے کہ اتراسی میں پولنگ سٹیشن کا دورہ کرنے گیا تو ن لیگ کے لوگوں نے امیدوارثاقب مجید کی ایما پر حملہ کیا ۔

چوہدری لطیف اکبر نے سوال اٹھا یا کہ جہاں صدر ریاست محفوظ نہیں تو وہاں عام لوگوں کو کیا حال ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں پولنگ سٹیشن میںایجنٹس کو نہیں بیٹھنے دیا گیا کیونکہ ووٹ سے یہ مجھ سےکبھی زندگی میں جیت سکتے ہیں۔

چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ لوہرکوٹ میں پی پی کا ایک کارکن قتل،5 کو زخمی کیا گیا ، تمام واقعات راجہ ثاقب مجید اور وفاقی وزراء کی ایما پر ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زدرداری سمیت پی پی رہنمائوں نے حلقہ کھاوڑہ کے حوالے سے پہلے ہی خدشات کااظہار کیا تھا، الیکشن کمیشن نے بھی حلقہ کھاوڑہ کو حساس قرار دیا تھا۔

یا درہے کہ ثاقب مجید راجا کیخلاف اس سے قبل ایک ریلی کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارکن کے قتل کی ایف آئی آر بھی درج ہوئی تھی لیکن کارروائی نہیں ہوسکی تھی۔

چوہدری لطیف اکبر پرجب وہ سپیکر تھے ثاقب مجید کے ہی لوگوں نے فائرنگ کی تھی لیکن ان ملزمان کیخلاف کارروائی نہیں ہوسکی تھی۔کسی بھی مقدمہ میں ان کو سزا پر ان کو نااہلی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انتخابات دوسرا مرحلہ،خاتون سمیت 7نئے چہروں کی اسمبلی میں انٹری

کھاوڑہ کے ہی ایک پولنگ سٹیشن پرپیپلزپارٹی کے ایم این اے صلاح الدین جونیجوپر فائرنگ کی گئی ،گولی ہاتھ میں لگنے سے وہ زخمی ہو گئے ہیں۔

چوہدری لطیف اکبر پر حملوں ، پی پی کارکن کی شہادت پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے مابین سیاسی تلخی مزید بڑھنے کا امکان ہے، حلقہ کھاوڑہ کا حتمی نتیجہ بھی ابھی تک سامنے نہیں آسکا ہے۔