انتخابات دوسرا مرحلہ،خاتون سمیت 7نئے چہروں کی اسمبلی میں انٹری

اسلام آباد( عامر ہاشمی سے)آزادکشمیر انتخابات کے دوسرا مرحلے میں خاتون سمیت 7نئے چہرے قانون سازاسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، مظفرآباد ڈویژن سے 2امیدوار جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر 7 نئے لوگ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

ایل اے29 مظفرآبادسٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار مختیار احمد سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے کر پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات، 17نشستوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ12،پی پی 5 پر کامیاب

ایل اے31 کھاوڑہ مظفرآباد سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ثاقب مجید راجا قائم مقام صدر ریاست کے مقابلے میں بھاری لیڈ حاصل کئے ہوئے ہیں، امکان ہے کہ وہ حلقہ سے سیٹ نکال کر پہلی بار اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ایل اے 36 جموں3سے مسلم ليگ (ن) کے محمد احسن رضا اورایل اے 37 جموں4سے مسلم لیگ(ن) کی امیدوار مریم جاویدبھی پہلی بار اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

ایل اے 38 جموں 5سے ن لیگ کے ذیشان علی ،ایل اے 41 کشمیر ویلی2سےمسلم ليگ(ن) کے محمد عامر شاہ نے بھی پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں انٹری دی ہے۔

ایل اے 43 کشمیر ویلی 4سے سابق وزیرٹرانسپورٹ جاوید بٹ اور مسلم کانفرنس کی مہرالنساء کو شکست دینے والے مسلم ليگ(ن) کے محمد یاسین لون بھی پہلی بار اسمبلی میں پہنچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کیا سردار تنویر الیاس بھی آزادکشمیر کے جہانگیر ترین بننے جا رہے ہیں؟

انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے چہرے قانون سازاسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے جن میں چڑھوئی سے راجا محمد ریاست خان، نکیال سے سردار عمیر نعیم، سہنسہ سے راجا آصف، کھوئیرٹہ سے راجا ایاز نثار اور سماہنی سے چوہدری محمد رزاق شامل ہیں۔