وزیراعظم کا ریلیف سکیم پرعمل نہ کرنیوالے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت “پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام” کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا،

اجلاس میں وزیراعظم نے پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر کامل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:نیشنل ایکشن پلان کے تحت کومبنگ آپریشن شروع، سکیورٹی انتظامات سخت،چیکنگ جاری

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو فیول ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انھوں نے ہدایت کی جو پیٹرول پمپس مستحقین کو سہولت فراہم نہیں کریں گے، ان کے لائسنس سسپنڈ یا منسوخ کر دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے آسان طریقہ کار سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا، ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف اسکیم مستقبل کی عوامی فلاح کے لیے “گیم چینجر” ثابت ہوگی۔

اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے فیول ریلیف اسکیم کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا اسکیم کے تحت اب تک 1 کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

رجسٹرڈ افراد میں 15.06 ملین (1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد) موٹر سائیکل مالکان اور 4 لاکھ 49 ہزار 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔

جاری کردہ 63.15 ملین (6 کروڑ 31 لاکھ) میں سے 59.44 ملین ٹوکنز استعمال (Redeem) کیے جا چکے ہیں جبکہ 4 نومبر 2026ء تک فیول سبسڈی کی مد میں مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ معلومات اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔