نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)وادی نیلم کے علاقے جانوی لوئر گریس، کاٹ محلہ جانوی غربی میں گزشتہ شب ہونے والی خوفناک آتشزدگی نے تین خاندانوں کو شدید متاثر کر دیا۔
آگ نے دو مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا جبکہ پورا محلہ آگ کے خطرے سے دوچار ہو گیا۔
پھلاوہی، جانوی ڈوگہ اور جندرسیری کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت دیگر مکانات کو جلنے سے بچا لیا۔
بالخصوص اہلیانِ پھلاوہی کی بروقت اور قابلِ تحسین کاوشوں کو اہلِ علاقہ نے خراجِ تحسین پیش کیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں ابوبکر منہاس ولد بلند خان کا مکان دوبارہ جل کر خاکستر ہو گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر عامر شہزاد کی تعیناتی ، استعفے اورتبادلے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا
اس کے ساتھ تین یتیم بھائیوں ماجد منہاس، بشارت منہاس اور وقاص منہاس کا مکان بھی لپیٹ میں آگیا۔
گھریلو سامان، سونے کے زیورات اور عمر بھر کی جمع پونجی بھی آگ کی نذر ہو گئی۔
متاثرہ خاندان کے لیے یہ صدمہ مزید کربناک اس لئے ہے کہ حال ہی میں بشارت منہاس کی شادی ہوئی تھی اور دلہن کا جہیز سمیت تمام سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔
حادثے کے دوران بی ایچ یو جانوی کے اسٹاف ممبر ہدایت اللہ منہاس ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمی ہو گئے۔
جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے کیل منتقل کیا گیا، بعد ازاں تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کر دیا گیا۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسین کی ہدایت پر نائب تحصیلدار کیل عارف ڈار نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مالی تعاون کی یقین دہانی کروائی
انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی ایم اے نیلم کے تعاون سے متاثرین کیلئے فوری امداد آٹھمقام سے منگوائی گئی ہے جو انہیں فراہم کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایم فل ملازمین کو پی ایچ ڈی الاؤنس کا 50 فیصد دینے کی منظوری
انہوں نے کہا کہ آفاتِ سماوی کے تحت متاثرین کو ملنے والے معاوضوں کی ادائیگی بھی جلد از جلد یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
نائب تحصیلدار کیل عارف ڈار نے عوام پر زور دیا کہ گھروں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً مکانات میں خشک گھاس ذخیرہ کرنے سے گریز کریں اور بجلی کی معیاری و محفوظ وائرنگ کروائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہوگی کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے عوام کو آگ بجھانے کی تربیت دی جائے ۔
گاؤں کی سطح پر فائر فائٹنگ کیلئے ضروری آلات، موٹر اور پائپ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں، تاہم اس سلسلے میں عوامی سطح پر شعور و آگاہی بھی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر عمائدین علاقہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر آفاتِ سماوی کے تحت امداد اور معاوضے فراہم کرے جبکہ وادی نیلم کے دور دراز علاقوں میں فائر فائٹنگ کا مؤثر انتظام کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر محلے اور گاؤں کی سطح پر آگ بجھانے والی موٹرز، پائپ اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بروقت نمٹا جا سکے۔
عمائدین نے نائب تحصیلدار کیل عارف ڈار سے اپیل کی کہ متاثرین کی بحالی اور فوری مالی امداد کے لیے ان کے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں تاکہ بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد مل سکے۔




