مظفرآباد: پیپلزپارٹی الیکشن آفس پر ن لیگی کارکنوں کا حملہ، توڑ پھوڑ،کارکن زخمی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): طارق آباد میں سیاسی سرگرمیاں کشیدگی کا شکار ہو گئیں۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ طور پر سردار مختار خان عباسی کے الیکشن آفس پر حملہ، توڑ پھوڑ کی ۔

وہاں پر موجود پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو زدوکوب کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ حملے میں پیپلزپارٹی کے کارکن زخمی ہوگئے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیپلزپارٹی کے رہنما و امیدوار اسمبلی سردار مختار خان عباسی اپنی انتخابی مہم ادھوری چھوڑ کر رات گئے طارق آباد پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کلائنٹ نےتقریباً 3.6 ملین روپے کے آرڈرز دیئے ، را سہولت کار کا انکشاف

امیدوار اسمبلی سردار مختار خان عباسی نے الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس موقع پر دفتر میں موجود کارکنان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سردار مختار خان عباسی نے کہا کہ ماضی میں دو مرتبہ ایم ایل اے رہنے والے بیرسٹر افتخار گیلانی کے کارکنوں نے اس بزدلانہ کارروائی سے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں ہمارا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

مختار عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت اپنی یقینی شکست کو سامنے دیکھ کر اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ ن لیگ کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، ان کی شکست یقینی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوام پیپلزپارٹی سے نالاںِ،میرپورڈویژن سے 10سیٹیں جیتیں گے، طارق فاروق کا دعویٰ

انہوں نے مزید عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے ان کے اور ان کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف یہ الیکشن بھاری اکثریت سے جیتیں گے، بلکہ کامیابی حاصل کر کے حلقے کے دیرینہ مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔