دریاؤں میں سیلابی صورتحال،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی۔48گھنٹے اہم، الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ پلکھو نالہ وزیرآباد میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: پیپلزپارٹی الیکشن آفس پر ن لیگی کارکنوں کا حملہ، توڑ پھوڑ،کارکن زخمی

دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب میں مرالہ اور تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی ،دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر کم درجے کے سیلاب کی صورتحال موجود ہے۔ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالے تاحال معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے چناب کے تریموں بیراج پر آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچنے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کلائنٹ نےتقریباً 3.6 ملین روپے کے آرڈرز دیئے ، را سہولت کار کا انکشاف

آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں، خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

گجرانوالہ، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ موجود ہے۔