پیپلزپارٹی رہنمائوں کی کوششیں کامیاب،رفیق نیئر ولید انقلابی کے حق میں دستبردار

پیپلزپارٹی رہنمائوں اور گوجر برداری کے زعما کی کوششیں کامیاب ہو گئیں، سابق وزیراطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئرنے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر محمد ولید انقلابی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد حلقہ کاسیاسی منظر نامہ مکمل تبدیل ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سجادہ نشین درگاہ عالیہ فیض آباد رئیاں شریف باجی میاں غلام جنید کی سربراہی میں سابق وزیر امورِ کشمیر قمر زمان کائرہ کی موجودگی میں وزیر اطلاعات چوہدری رفیق نیئر اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حلقہ کھوئیرٹہ محمد ولید انقلابی کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:وقت بتائے گا کون کتنے پانی ہے اور کتنے ووٹ لیتا ہے، رفیق نیئر کا چوہدری یاسین، ولید انقلابی کو چیلنج

چوہدری رفیق نیئر کے اس فیصلے کے بعد دونوں رہنما مشترکہ انتخابی مہم چلائیں گے۔ اس پیش رفت کو وادی بنا کھوئی رٹہ کی سیاست میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں اب پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق رفیق نیئر کی حمایت سے ولید انقلابی کی انتخابی مہم کو تقویت مل سکتی ہے، جبکہ حتمی فیصلہ 27 جولائی کو ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کے ذریعے کریں گے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنماؤں نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پارٹی اتحاد اور انتخابی حکمتِ عملی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

کھوئیرٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیرامور کشمیر چوہدری قمرزمان کائرہ نے رفیق نیئر کا شکریہ اداکیا ۔اس موقع پر رفیق نیئر نے کہا کہ حلقہ کھوئیرٹہ کی سیٹ جیت کر پی پی قیادت کو تحفے میں دونگا۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی شدید اختلافات سے دوچار، وزیر اطلاعات چوہدری رفیق نیئر سمیت درجنوں سینئر رہنما مستعفی

یاد رہے کہ ولید انقلابی کو ٹکٹ ملنے پر رفیق نیئر ناراض ہو گئے تھے اور انہوں نے آزادالیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا جس پرپیپلزپارٹی اور گوجر برادری کے زعما تشویش میں مبتلا ہو گئے تھے کہ اس سے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑیگا۔

پیپلزپارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین نے ولید انقلابی کوٹکٹ دلوایاتھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ولید انقلابی 30ہزار ووٹ لیں گے جس پر رفیق نیئر نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا تھا دیکھوں گا کہ کون کتنے ووٹ لیتا ہے۔