اسلام آباد(عامرہاشمی سے)آزادکشمیر کے وزیراطلاعات، سینئر سیاستدان چوہدری محمد رفیق نیئر نے پیپلزپارٹی کا ٹکٹ نہ ملنے پر بغاوت کردی ہے اور اعلان کیا ہے کہ ہم کسی صورت ولید انقلابی کی حمایت نہیں کرینگے۔
چوہدری محمد رفیق نیئر نے چیلنج دیا کہ ہم اپنا امیدوار میدان میں اتاریں گے اور دیکھیں گے چوہدری یاسین ولید انقلابی کو 30ہزار ووٹ کیسے دلاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیر تقدیس گیلانی بھی پیپلزپارٹی سے مستعفی،آئی پی پی میں شامل
گزشتہ روز پیپلزپارٹی حلقہ کھوئی رٹہ کے کارکنوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری رفیق نیئر نے کہا کہ ایک ہی فیصلہ ہے،پیپلزپارٹی نے جس کو ٹکٹ دیا ہے اسکی حمایت نہیں کرنی، ولید انقلابی خود ہوش میں نہیں رہتا، آپ کو کیسے سنبھالے گااور لوگوں کو کیسے سنبھالے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سیدھا سا آدمی ہوں ، باقی امیدواروں نے مجھے سپورٹ کیا ،متحد رہنا ہوگا، میں وعدہ کرتا ہوں الیکشن لڑوں یا کسی کو لڑائوں، یہ وقت بتائے گا کون کتنے پانی ہے اور کتنے ووٹ لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ7ممبر ڈسٹرکٹ میرے ساتھ ہیں،9وائس چیئرمین میرے ساتھ ہیں،ان عقل کے اندھوں کو الٹا نظرآتا ہے، مجھےسمجھ نہیں آئی ان کا معیار کیا تھا۔
رفیق نیئر نے انکشاف کیا کہ میں نے اعلیٰ شخصیت کو کہا کہ مجھ سے مسئلہ ہے تو مجھے مائنس کردیں،جن لوگوں نےمیری مخالفت کی انہوں نے مطلوب انقلابی مرحوم کی محبت میں ایسا کیا تو ٹکٹ کی درخواست واپس لیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسین نے لکھ کر دیا ہے کہ ولید انقلابی کو 30ہزار ووٹ دلائوں گا،ساتھ بیٹھے شخص نے کہا کہ 20ہزار کرلیں لیکن چوہدری یاسین نے کہا نہیں 30ہزار پورا ہوگا ، یہ وقت بتائے گا 30ہزار ہوتا ہےیا 3ہزار ہوتا یا 3سو۔
رفیق نیئر نے کہا کہ مطلوب انقلابی کے دست راست ہمارے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں،ہم ڈنکے کی چوٹ پر الیکشن لڑیں گے اور دکھائیں گے کہ کو ن جیتتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیت ہار لوگوں کے ہاتھ میں ہوتی ہے، عوام 1990کی طرح ووٹ کا استعمال کریں گے تو انشااللہ ہم جیت کر دکھائیں گے۔مقدم رفیق والدہ کا جنازہ چھوڑ کر ووٹ ڈالنے آئے تھے، سب کو محنت کرنا ہوگی۔
رفیق نیئر نے 9 لوگوں کی کمیٹی تشکیل دی جس میں مشتاق گورسی،حنیف کھٹانہ،راجہ ظفر، چیئرمین رفیق، چیئرمین رمضان، عارف کٹاریہ ،قیوم صابری، چیئرمین فریاد شامل ہوں گے، کمیٹی24گھنٹوں میں اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔
یاد رہے کہ سابق وزیر حکومت مطلوب انقلابی کے بیٹے ولید انقلابی کو ٹکٹ جاری کرنے اور رفیق نیئر کو نظر انداز کرنے پر پیپلزپارٹی اور کھوئیرٹہ کی گوجر برادری دوحصوں میں تقسیم ہوگئی ہےجبکہ رفیق نیئر کیساتھ عبدالقیوم قمر اور عامر بشیر انقلابی بھی کھڑے ہو گئے ہیں۔
ولید انقلابی کے مقابلہ میں گوجر برادری کا ہی امیدوار آنے سے ووٹ تقسیم ہوں گے جبکہ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر راجہ ایاز نثار کے مقابلے بھی راجہ شاداب سکندرالیکشن لڑ رہے ہیں اس کا فائدہ جاٹ امیدوار آئی پی پی ،سابق وزیر حکومت نثار انصر ابدالی اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچ: سردار عنایت اللہ عارف پیپلزپارٹی چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
پیپلزپارٹی کارکنوں کو خدشہ ہے کہ چوہدری محمد یاسین کوولید انقلابی سے کوئی ہمدردی نہیں ہے بلکہ وہ اپنے جاٹ امیدوارکو کامیاب کرانا چاہتے ہیں ۔
حلقہ میں کل 96ہزار ووٹ ہیں، سابق الیکشن میں نثار انصر ابدالی 23ہزار340ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ولید انقلابی17ہزار554ووٹ لے سکے تھے یوں چوہدری یاسین کا 30ہزار ووٹوں کا دعویٰ بھی غیر حقیقی لگ رہا ہے ۔




