نیویارک سے کاروباری اور عالمی منڈی کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ عالمی منڈی میں جمعرات کی صبح خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد تیل کی قیمتیں گزشتہ 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔
کاروباری حلقوں کے مطابق قیمتوں میں اس بڑی گراوٹ کی بنیادی وجہ قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں ’مثبت پیش رفت‘ ہے، جس نے مارکیٹ سے سپلائی کے تعطل کا خوف ختم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
دوحہ میں ہونے والے 2 روزہ مذاکرات کے اختتام پر جمعرات کی صبح عالمی مارکیٹ کھلتے ہی برینٹ خام تیل کی قیمت 73 سینٹ یعنی 1.02 فیصد کمی کے بعد 70.65 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ ’ڈبلیو ٹی آئی‘ خام تیل کی قیمت میں بھی 83 سینٹ یعنی 1.21 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی، جس کے بعد یہ 67.60 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اماراتی مربن خام تیل کی 65.64 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی دونوں عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتوں میں 1 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی تھی۔




