راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے افغانستان میں سرحد پار موجود دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا اور مؤثر ایکشن لیتے ہوئے آپریشن ’’غضب الحق‘‘ کے تحت متعدد اہداف کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔ اتوار کی شب انتہائی اہم انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی اس کارروائی میں افغانستان کے مختلف سرحدی صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں موجود دہشت گرد گروہوں سے منسلک اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
اس گرینڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔ کارروائی کے دوران خاص طور پر جماعت الاحرار اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے وابستہ ٹھکانوں اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں موجود دہشت گرد عناصر اور ان کے بھاری اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ :کالعدم ایکشن کمیٹی میں موجود مسلح جتھوں کی پولیس اور سیکیورٹی اداروں پر براہِ راست فائرنگ کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی
دہشت گردی کے نیٹ ورک پر کاری ضرب:
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اہم کارروائی انتہائی درست اور مؤثر انداز میں انجام دی گئی ہے۔ اس فوجی اقدام کا بنیادی مقصد سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک کو کمزور کرنا اور پاکستان میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
مواصلاتی اور لاجسٹک نیٹ ورک کی تباہی:
ذرائع نے آپریشن کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد اہم اہداف کو مکمل طور پر ناکارہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حملوں میں دہشت گردوں کے مواصلاتی اور لاجسٹک نیٹ ورک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی کارروائیاں انٹیلی جنس بنیادوں پر آئندہ بھی مستقل جاری رہیں گی تاکہ دہشت گرد عناصر کی سرحد پار موجود محفوظ پناہ گاہوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
🚨🚨افواج پاکستان نے آپریشن غضب الحق کے تحت افغانستان پکتیا میں دہشت گرد علاقوں کو نشانہ بنایا – pic.twitter.com/XcDnTQdoaV
— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) June 29, 2026




