صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب خان کی کوٹلی یونیورسٹی آمد، 1200 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم

آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے تعلیم کے ساتھ کاروبار اور خود روزگاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں بزنس انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے جامعات کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اورعملی مہارتوں کے فروغ کا مرکز بنانے پر زور دیا ہے۔

 تقریب میں 1200 طلبہ و طالبات کو مختلف شعبوں میں ڈگریاں اور 27 طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا ۔صدرنے پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز پہنائے اور فارغ التحصیل طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کیں۔

یہ بھی پڑھیں :صدر ریاست ڈاکٹر نجیب خان کوٹلی پہنچ گئے، شہری خوش شاندار استقبال

 یونیورسٹی میں ڈاکٹر محمود الحسن شہید بزنس انکیوبیشن سنٹرز طلبہ اور نوجوان کاروباری افراد کوتکنیکی معاونت حاصل کرنے اور نئے کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، بائیوٹیکنالوجی اور روبوٹکس جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔

 اعلیٰ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں میں تخلیقی سوچ، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور خود روزگاری کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔

صدر نے یونیورسٹی آف کوٹلی کی عالمی تعلیمی درجہ بندی میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

 جامعات میں تحقیق کو معاشرتی ضروریات سے جوڑنے اور تعلیمی اداروں و صنعت کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جامعہ پونچھ کا1.8 ارب کا بجٹ منظور، نئے پروگرامز متعارف کرائے جائیں، صدر نجیب نقی

مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ریاست نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے پرامن حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ضروری ہے

 نوجوان جدید ذرائع ابلاغ، تحقیق اور حقائق پر مبنی معلومات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کر سکتے ہیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر نے ادارے کی تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور ترقیاتی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

 محمد ذکریا ذاکرنے کہا کہ جدید تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 372 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

بزنس انکیوبیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر یونیورسٹی حکام نے صدر ریاست کو مرکز کے قیام کے مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صدر ریاست نےبزنس انکیوبیشن سنٹر کو نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں، جدت اور خود روزگاری کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا۔

تقریب میں وزراءحکومت چوہدری عبدالرحمن آرائیں، راجہ محمد ریاست خان، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، اراکین اسمبلی ظفر اقبال ملک اور راجہ ایاز نثارودیگر نے شرکت کی۔