مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی پوری مقدار ملے گی یا نہیں؟ پٹرول پمپ مالکان کی من مانی روکنے کیلئے انتظامیہ میدان میں آگئی۔
مظفرآباد شہر میں مختلف پٹرول پمپس کے خلاف انسپکشن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، جہاں ناپ تول کے پیمانوں سے لے کر ڈیلیوری نوزلز تک باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اوزان و پیمائش راجہ قیصر رشید نے محکمہ لیبر ویلفیئر، اوزان و پیمائش کے فیلڈ عملے اور پولیس نفری کے ہمراہ شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔
پٹرول اور ڈیزل کی ڈیلیوری نوزلز، اوزان و پیمائش کے آلات اور پیمانہ جات کی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ صارفین کو مقررہ مقدار کے مطابق ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے پٹرول پمپ انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام پیمائشی آلات اور نوزلز درست حالت میں رکھے جائیں اور صارفین کو کسی قسم کی کمی یا دھوکہ دہی کے بغیر پٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جائے۔
راجہ قیصر رشید نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ پٹرول یا ڈیزل ڈلواتے وقت میٹر کی ریڈنگ ضرور چیک کریں۔
پٹرول پمپس پر موجود پیمائشی پیمانے کے ذریعے صارفین خود بھی ڈلوائے گئے ایندھن کی مقدار کی تصدیق کر سکتے ہیں
پٹرول پمپ مالکان کو فائر سیفٹی سمیت تمام حفاظتی انتظامات مکمل اور مؤثر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
محکمہ اوزان و پیمائش کے مطابق عوام کو درست مقدار میں پٹرول و ڈیزل کی فراہمی اور صارفین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔




