حلقے کے عوام ہماری اصل طاقت، الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے ،ذوالفقار علی ملک

کوٹلی ( کشمیر ڈیجیٹل) حلقہ راج محل کی سیاسی صورتحال ایک نیا رخ اختیار کر گئی۔

حلقے کے معروف اور سرگرم رہنما ذوالفقار علی ملک نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے باوجود انتخابی معرکے میں بھرپور طریقے سے اترنے کا حتمی اعلان کر دیا۔

ذوالفقار علی ملک نے اپنے ایک اہم اور ہنگامی بیان میں انہوں نے تمام ووٹرز، سپورٹرز اور کارکناں کو متحرک، متحد اور منظم رہنے کی سخت ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے نہ ہونے سے ان کی سیاسی ساکھ، عزم اور عوامی مہم پر کوئی فرق نہیں پڑا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سی ایم ایچ راولاکوٹ پر دھاوا ،معصوم جانوں کے ضیاع کے پیچھےکالعدم ایکشن کمیٹی کا ہاتھ سامنے آگیا

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اصل طاقت کسی کاغذ کے ٹکڑے یا پارٹی ٹکٹ کی مرہونِ منت نہیں ہوتی، بلکہ عوام کا اعتماد اور ان کی تائید سب سے بڑا سرمایہ ہوتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری اصل طاقت حلقے کے غیور اور باشعور عوام ہیں جو ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

ذوالفقار علی ملک نے عزمِ مصمم کا اظہار کیا اور کہا ہم نے دن رات محنت کر کے عوام کے دکھ سکھ میں شریک ہو کر یہ حلقہ بنایا تھا، اور اب انہی عوام کی عدالت میں جا کر یہ حلقہ بھاری اکثریت سے جیتیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے 100 افراد کی فہرست میں شامل

ذرائع کے مطابق ذوالفقار علی ملک کے اس پراعتماد بیان کے بعد حلقہ راج محل میں ان کی انتخابی مہم میں مزید تیزی آ گئی ہے اور کارکناں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی ملک کا آزاد حیثیت میں میدان میں اترنے کا فیصلہ روایتی سیاسی جماعتوں کے اُمیدواروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگا کیونکہ حلقے میں ان کا ذاتی ووٹ بینک اور اثر و رسوخ انتہائی مضبوط ہے۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان دھرے بغیر انتخابی دنگل کی تیاری کریں۔