گلگت بلتستان میں حکومت سازی ونمبر گیم، رانا ثنااللہ نے بڑا دعویٰ کردیا

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا ہےکہ گلگت بلتستان کی حکومت سازی سے متعلق موجودہ نمبر گیم میں تبدیلی آئیگی اور حکومت سازی کاعمل 15جون کو شروع ہوگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت سازی سے متعلق 15 جون کو فائنل نمبر گیم سامنے آئےگی اور مسلم لیگ (ن)کو مزید 2 یا 3 سیٹیں مل جائيں گی۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات، 19نشستوں کے مکمل نتائج موصول،کئی بڑے برج الٹ گئے

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ان سے کوئی رابطہ نہيں کیادوسری جانب پیپلزپارٹی کے ندیم افضل چن نے کہاکہ انہيں مطلوبہ 3 سیٹیں مل جائيں گی۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے شہرام ترکئی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت اپوزيشن میں ہی رہے تو بہتر ہے۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے۔17نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہے۔

پیپلزپارٹی 10 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ آزاد امیدوار7 ،مسلم لیگ ن کی 6نشستیں ہیں۔پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ ن کے بغیر حکومت بنانے کا امکان ہے اور آزاد ارکان کو شامل کرنے پر غورہے۔

ابھی 15 جون کو 4حلقوں کے 16پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کے بعد حتمی نتائج کا انتظارہے اس کے بعد 9مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوں گے جس کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن،پیپلزپارٹی کے سب سے زیادہ ووٹ، آزادامیدواروں کا دوسرانمبر

منگل کے روز الیکشن کمیشن نے 5حلقوں کے کچھ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا ، بدھ کو مجلس وحدت مسلمین کے کاظم میثم کی اپیل پر ان کے حلقہ میں دوبارہ پولنگ کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئےانہیں کامیاب قرار دیدیا گیا ہے۔

مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی کوشش ہے کہ آزادامیدواروں کو ساتھ ملا کر حکومت بنائی جائے جس کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔