ہاکی ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان شہباز سینئر کا سیاست میں انٹری دینے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی اور ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے سیاست میں آنےکا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز احمد سینئر جلد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی رینکنگ تبدیل،2 نئے کھلاڑی نمبر ون پوزیشن پر براجمان

ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز احمد سینئر آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لینےکا ارادہ رکھتے ہیں۔

خیال رہےکہ شہباز احمد سینئرکا شمار ناصرف پاکستان بلکہ ہاکی کی تاریخ کے چند بہترین فارورڈز میں ہوتا ہے۔

شہباز احمد سینئرکو ان کی تیز رفتاری، حیران کن باڈی ڈاج، شاندار ڈربلنگ اور پھرتی کی وجہ سے’’ میراڈونا آف ہاکی ‘‘اور’’ مین ود الیکٹرک ہیل‘‘جیسے القابات دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ ،پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان، بھارت سے8نومبر کو ٹاکرا

شہباز احمد نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں 92 گول کیے، ان کی کپتانی میں ہی پاکستان نے آخری بار 1994 میں ہاکی کا ورلڈکپ جیتا تھا۔

وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں مسلسل 2 ہاکی ورلڈکپ (1990 اور 1994) میں  مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز ملا۔

اس کے علاوہ شہباز احمد سینئر ہاکی کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فٹبالر امباپے کو چین سے متعلق متنازع تبصرہ مہنگا پڑا، معافی بھی کام نہ آئی

یاد رہے کہ اس سے قبل 1992کا کرکٹ ورلڈکپ جیتنے والے عمران خان نے بھی سیاست میں انٹری دی اوراپنی پارٹی پاکستان تحریک انصاف بنا کر وزیراعظم بھی بنے ۔

اس کے علاوہ بھی کئی کھلاڑی سیاست میں انٹری دے چکے ہیں لیکن خاطر خواہ کامیابی نہیں ہوسکی۔