خیبرپختونخوا،سکیورٹی فورسز کا آپریشن ،فتنہ الخوارج کے 4 کارندے واصل جہنم

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے چار دہشت گرد ہلاک کر دیے، 3 اور 4 جون کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر ٹرمپ ایران کیخلاف دوبارہ جنگ نہیں چاہتے، امریکی اخبار کا دعویٰ

آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد مارے گئے۔

ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نوسیری : شرپسند عناصر کے گھروں پر حملے ،خواتین پر تشدد، پولیس بھی حملہ آوروں سے مل گئی

وزیراعظم نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہیں۔

دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔