راولپنڈی:مری کے علاقے رکھالہ روڈ پر بڑوہا چوک کے قریب شادی کی تقریب سے واپس آنے والی کیری بولان کھائی میں گرنے کے بعد آتشزدگی کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہری پور: خوفناک ٹریفک حادثہ، آئل ٹینکر نے گاڑیوں کو کچل دیا، 4 دوست جاں بحق
تفصیلات کے مطابق مری کے علاقے رکھالہ روڈ پر بڑوہا چوک کے قریب کیری بولان کو حادثہ پیش آیا جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ فیملی شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے قریبی ہسپتالوں کے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:سیاحوں کی گاڑی کو المناک حادثہ،خاتون جاں بحق،شوہر زخمی
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ملک ارشد نعمت نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) ارشد اقبال نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔




