بیٹھک اعوان آباد (کشمیر ڈیجیٹل)منجھاڑی پرانا تالاب کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جانوروں سے بھری شاہزور گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود درجنوں جانور ہلاک ہو گئے۔
اس المناک حادثے میں ٹنگی گلہ اندروٹ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور عمران خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور محنتی انسان تھے، جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ محنت، کاروبار اور لوگوں کی خدمت میں گزارا۔ ان کی وفات اہلِ علاقہ اور دوست احباب کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برنالہ:پی ٹی آئی رہنماچوہدری عدالت حملے میں جاں بحق، خاتون راہگیر زخمی
جبکہ زخمی شخص کی شناخت محبوب حسین کے نام سے ہوئی ، جو لوکل کونسلر اشفاق کے بھائی ہیں، عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جانوروں سے لوڈ شاہزور گاڑی منجھاڑی کے مقام پر پرانا تالاب کے قریب سے گزر رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔
گاڑی سڑک سے نیچے جا گری جس کے باعث خوفناک منظر دیکھنے میں آیا۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں موجود تمام جانور موقع پر ہی مر گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد گوجرہ :ایمز کالج کے پرنسپل حمزہ برہان قتل، پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور عمران محمود شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ ایک اور شخص کو تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ اہلِ علاقہ کا افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار،حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ
عوام علاقہ کا متعلقہ اداروں سے سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ ۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ، حادثہ تیز رفتاری یا گاڑی کے تکنیکی نقص کے باعث پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔




